حمزہ شہباز کو آج کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا جائے گا

0


لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو آج کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا جائے گا، حمزہ شہبازکی رہائی کے موقع پر مریم نواز کی بھی آمد متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے ، مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد احتساب عدالت کے جج اکمل خان نے روبکار جاری کئے، جس کے بعد حمزہ شہباز کے روبکار لے کرعدالتی عملہ جیل روانہ ہوگیا ہے۔

احتساب عدالت نے کہا لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہبازکی ضمانت منظور کی، حمزہ شہبازکے ضمانتی مچلکے جمع کرائےگئے جو منظور کئے جاتے ہیں، وہ اگر کسی دوسرے کیس میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے۔

عدالت نے حمزہ شہباز 4مارچ کو کیس کی سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

عدالتی عملے کے جیل پہنچنے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا کردیا جائے گا ،حمزہ شہباز کی رہائی کے موقع پر مریم نواز کی بھی آمد متوقع ہے۔

یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز کی جیل سے رہائی کے موقع پر خود جانے کا فیصلہ کیا تھا، ن لیگ نے حمزہ شہباز کے بھرپور استقبال کی تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے

ذرائع کا کہناتھا کہ حمزہ شہباز براستہ کچا جیل روڈ ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ جائیں گے، ان کا مختلف استقبالی کیمپس کے ذریعے بھرپور استقبال کیا جائے گا، اور وہ ایک ریلی کی صورت میں جیل سے رہائش گاہ جائیں گے

خیال رہے 24 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کر لی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here