Todays News

حماد اظہر نے معاشی ترقی میں مزید اضافے کی نوید سنادی


اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی سے عام آدمی کو فائدہ ہورہا ہے، یکم جولائی سے معاشی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گی، ہم اضافہ خساروں کے زور پر نہیں چاہتے، انڈسٹری اور امپورٹس پر بھی نظر رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت مہنگائی کا رجحان چل رہا ہے، خوردنی تیل کی قیمت بڑھی لیکن پاکستان میں کم بڑھی ہے، عالمی منڈی میں بھی گندم کی اتنی قیمت بڑھی تھی جتنی پاکستان میں بڑھی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وبا اور موسمی تبدیلیوں سے نمٹ رہے ہیں، جولائی 2020 میں کورونا وبا عروج پر تھی، وبا نے دنیا کی عالمی منڈیوں میں تباہی مچائی ہے، مہنگائی کا رجحان کورونا وبا کے ساتھ بھی جڑا ہوا ہے۔

حماد اظہر نے بتایا کہ ہم 4 فیصد کے قریب جی ڈی پی پر پہنچے ہیں، مارچ کے مہینے میں 3.2 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی، جولائی سے اپریل 2021 تک 30 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے فارن ایکسچینج میں 40 فیصد کمی کی تھی، پاکستان کا سب سے بڑا خسارہ انہون نے رن کیا، ن لیگ نے 11 ارب کے قرضے لیے، ان کے ایک سال میں 5 فیصد گروتھ کے لیے یہ سب کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جی ڈی پی کا ہدف چار فیصد سے بھی زیادہ حاصل کریں گے، ٹیکس ہدف بھی حاصل کررہے ہیں اس وقت 15 فیصد گروتھ ہے، یہ عارضی نہیں ایک مستحکم گروتھ ہے، آنے والے دنوں میں معیشت مزید مستحکم کریں گے۔

Exit mobile version