حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم
Abdul Rehman
ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں نرمی کرتے ہوئے حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا ایس او پیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے، مملکت آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امور صحت کے نگران اداروں کی جانب سے جاری سفارشات کی روشنی میں متعدد احتیاطی تدابیر میں نرمی کی جارہی ہے۔
حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم ماسک کے استعمال کی شرط بدستور عائد رہے گی، تمام بند اور کھلے مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔
کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ بند مقامات پر ماسک استعمال کیا جائے گا۔
مملکت میں آنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے، جبکہ کسی بھی نوعیت کے وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے میڈیکل انشورنس حاصل کرنا لازمی ہوگا جس میں کرونا وائرس کے علاج کی مکمل سہولت فراہم کی گئی ہو۔
مملکت آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے۔