Todays News

جناح ایکسپریس ٹرین کو بحال کرنے کا فیصلہ


لاک ڈاؤن کے دوران معطل کی جانے والے لکژری ٹرین جناح ایکسپریس کو پاکستان ریلویز کی جانب سے دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ریلویز ہیڈ کوارٹر کی جانب سے گزشتہ روز نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 32 ڈاؤن جناح ایکسپریس 5 فروری کو لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی جبکہ 31 اَپ جناح ایکسپریس 6 فروری کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔

ریلوے حکام سے رابطہ کرنے پر انہوں نے تصدیق کی کہ ٹرین کو 5 فروری سے بحال کیا جا رہا ہے۔

لاہور سے کراچی اور کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی نان اسٹاپ جناح ایکسپریس دوران سفر خانیوال، روہڑی اور حیدر آباد پر اسٹاپ کرے گی۔

ٹرین لاہور سے دوپہر 2 بج کر 45 منٹ روانہ ہو کر اگلے دن صبح 7 بج کر 15 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔ لاہور سے کراچی آتے وقت ٹرین ڈرگ روڈ اسٹیشن پر بھی 2 منٹ کا اسٹاپ کرے گی۔ کراچی سے دوپہر 3 بجے ٹرین روانہ ہو کر اگلے دن صبح 7 بج کر 20 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔


جناح ایکسپریس مسافروں کو ساڑھے 16 گھنٹے میں اپنی منزل تک پہنچائے گی۔ اکانومی کلاس کا یکطرفہ کرایہ 2ہزار 300 روپے اور اے سی بزنس کا کرایہ 5ہزار 250 روپے مختص کیا گیا ہے۔

مسافر ریزرویشن دفاتر اور اسٹیشن کے علاوہ آن لائن سروس سے بھی ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

Exit mobile version