Todays News

جشنِ نوروز : گوگل نے اپنا ڈوڈل پھولوں سے سجالیا


دنیا بھر میں بہار کی آمد پر سرچ انجن گوگل بھی اپنے ڈوڈل کو پھولوں سے سجا کر نوروز کا جشن منارہا ہے، نوروز تین ہزار سال پرانا قدیم ترین تہوارہے۔

تفصیلات کے مطابق جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی ملکوں میں موسم بہارکے استقبال کےلیے آج نوروز کا تہوار منایا جارہا ہے، وہی گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل بھی پھولوں سے سجالیا ہے۔

اقوامِ متحدہ نے بھی نوروز منانے والے ممالک سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے رنگ برنگ پھولوں بھری تصویر ٹوئیٹ کردی۔

نوروز تین ہزار سال پرانا قدیم ترین تہوارہے، جو موسم بہارکی آمد کے جشن کے طورپرمنایا جاتا ہے، نوروز کا آغاز زرعی معاشرے سے ہوا تھا جب کسان فصل بونے کا آغاز کرتے تھے۔

نوروزکے دن لوگ ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے ہیں، مختلف دعائیہ اور سماجی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں آنے والے نئے سال میں سلامتی اور ترقی کی دعائیں کی جاتی ہیں اور عید کے تہوار کی طرح گھروں میں دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

افغانستان اور ایران میں روایتی سال کا آغاز بھی نوروز کے پہلے روز سے کیا جاتا ہے، ایران میں یہ تہوار 13 دن تک منایا جاتا ہے جبکہ افغانستان میں نوروز کی تقریبات کے آغازکا سرکاری اعلان مزارشریف سے کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ ایران، عراق،کازقستان،کرغزستان،بھارت، آزربئیجان،تاجکستان،ازبکستان،ترکمانستان اور ترکی میں بھی موسم بہار کی آمد کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے بعض شمالی علاقوں میں بھی یہ تہوار منایاجاتا ہے۔

Exit mobile version