جرمنی: روسی سائنس دان پر ماسکو کے لیے جاسوسی کا الزام

0


برلن: جرمن پولیس حکام نے ایک روسی سائنس دان کو ماسکو کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو وفاقی پراسیکیوٹر نے ایک بیان میں بتایا کہ ملزم جس کی شناخت صرف ’النر این‘ سے کی گئی ہے، کو جمعے کو روس کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

النر این جرمن یونیورسٹی آگسبرگ میں کام کر رہے تھے، اور نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈیپارٹمنٹ میں بطور ریسرچ اسسٹنٹ ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ آگسبرگ یونیورسٹی کی ترجمان نے تصدیق کی کہ مذکورہ سائنس دان کی گرفتاری کے لیے ان کی ملازمت کی جگہ کی بھی تلاشی لی گئی ہے۔

جرمن تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ ملزم نے اکتوبر 2020 اور رواں مہینے کے درمیان روس کی خفیہ ایجنسی کے اراکین سے کم از کم تین بار ملاقات کی ہے، ایک دو مواقع پر انھوں نے مبینہ طور پر یونیورسٹی کی ڈومین سے معلومات بھی آگے پہنچائیں۔

رپورٹس کے مطابق روسی سائنس دان کو ہفتے کو جج کے روبرو پیش کیا گیا، جنھوں نے انھیں تحویل میں رکھنے کا حکم سنایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا تھا کہ جرمنی ستمبر ہونے والے عام انتخابات میں روس کی گمراہ کن معلومات کا نشانہ بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اٹلی بھی ماسکو پر جاسوسی کا الزام عائد کر چکا ہے، جب پولیس نے نیوی کپتان کو روس کے سفارت خانے کے عہدے دار کو خفیہ دستاویزات دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here