Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the eventin domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/todaysne/domains/todaysnews.pk/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
Todays News

جاپان: امریکی کمپنی کی کرونا ٹیبلٹ استعمال کے لیے منظور


ٹوکیو: جاپان میں امریکی کمپنی کی کرونا ٹیبلٹ کو ہنگامی استعمال کی منظوری مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو جاپان کے ہیلتھ پینل نے امریکی دوا ساز کمپنی مرک کی کرونا انفیکشن کے لیے تیار کردہ اینٹی وائرل گولی مولنوپراویر (Molnupiravir) کے استعمال کی منظوری دے دی۔

جاپانی وزارت صحت کے پینل کی جانب سے یہ منظوری جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے اس سال کے آخر تک نئے طریقہ علاج کے شروع کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے، کیوں کہ اومیکرون ویرینٹ کے بارے میں خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔

ہیلتھ پینل کے اس فیصلے نے اس ہفتے کے آخر سے ملک بھر میں 2 لاکھ خوراکوں کی ترسیل کے مرحلے کے لیے راہ ہموار کر دی ہے، جس سے متعلق وزیر اعظم کشیدا کی طرف سے اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔

جاپان کے وزیر صحت شیگیوکی گوٹو نے میڈیا کو بتایا کہ اس دوا کی تقسیم ہماری قوم کے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، کچھ طبی ادارے اور فارمیسیاں اگلے پیر تک یہ گولیاں وصول کرنا شروع کر دیں گے۔

جاپانی حکومت نے گزشتہ ماہ مرک کمپنی کو ان کی دوائی مولنوپِراویر کے 16 لاکھ کورسز کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

جاپان کرونا کے سنگین انفیکشن اور اس سے اموات کی شرح کو ختم کرنے کے لیے منہ کے ذریعے کھائی جانے والی دوا پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے، کیوں کہ کرونا وبا کی چھٹی لہر کا خدشہ سر پر ہے۔

مزید برآں، وزیر اعظم کشیدا نے گزشتہ ہفتے فائزر کی تیار کردہ ایک الگ اینٹی وائرل گولی کی 20 لاکھ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کا بھی اعلان کیا تھا، توقع ہے کہ جاپان کی شیونوگی کمپنی جلد ہی اپنی تیار کردہ دوا کی منظوری کے لیے درخواست دے گی، اور اگلے سال کے اوائل تک مزید 1 ملین خوراکیں فراہم کرے گی۔

Exit mobile version