اسلام آباد : تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تاجکستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے ، جہاں وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
تاجکستان کے صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر دونوں ملکوں کےقومی ترانہ بجائے گئے اور امام علی رحمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے تاجک صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف کروایا۔
وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر کے مابین ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ہو گی ، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم،علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجک سفیر عمران حیدر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،تعاون سمیت باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا ، وزیرخارجہ نے کہا پاکستان، تاجکستان میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئےپر عزم ہیں، دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے حوالے سے وسیع مواقع موجودہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کاسا1000جیسےاہم منصوبوں کی تکمیل معاون ثابت ہوگی، جنوبی و وسطی ایشیا میں توانائی راہداری کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیر خارجہ نے تاجک صدر کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا پاکستان، خطےکی تعمیر و ترقی کیلئے افغانستان میں امن کوناگزیرسمجھتا ہے۔
خیال رہے کہ تاجک صدر وزیرا عظم عمران خان کی دعوت پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں، امام علی رحمان اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔