بیساکھی کے تہوار کی تقریبات: سکھ یاتری گردوارہ دربار صاحب کرتار پور پہنچ گئے
Abdul Rehman
نارووال:بھارت سے آئے سکھ یاتری بیساکھی کے تہوار کی تقریبات میں شرکت کیلئے گردوارہ دربار صاحب کرتار پور پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق 818 سکھ یاتری واہگہ کے راستے گردوارہ دربار صاحب کرتار پور پہنچ گئے، اس موقع پر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھنک کمیٹی کےممبران نےسکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔
سکھ یاتری گردوارہ دربارصاحب کرتارپورمیں بیساکھی کے تہوار کی تقریبات میں شرکت کریں گے، سکھ یاتریوں میں خواتین بھی گردوارہ دربار صاحب کرتار پور آئی ہیں۔
بھارت سے آئے سکھ یاتری آج رات گردوارہ دربارصاحب کرتار پور میں قیام کریں گے ، گردوارہ دربارصاحب کرتارپور میں بہترین رہائش، لنگر، میڈیکل اور ٹرانسپورٹ کااہتمام کیا گیا ہے۔
یاد رہے بیساکھی کے تہوار میں شرکت کے لئے آئے سکھ یاتریوں نے بہترین سہولتوں کی فراہمی پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاکستانی حکومت اورعوام کی شاندارمہمان نوازی ہمیشہ یاد رہےگی۔
خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے سکھ برادری کو بیساکھی کے تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کو خصوصی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ بیساکھی کی رسومات ادا کرنے کے لیے پاکستان میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کرسکیں، ایس او پیز کے تحت یاتریوں کو لنگر، ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولیات دی جائیں گی۔