بھارہ کہو فلائی اوور کا پلر گرنے سے مزدوروں کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی قائم
admin
اسلام آباد میں بھارہ کہو بائی پاس کے زیرِتعمیر فلائی اوور کے پلر کی شٹرنگ گرنے سے پانچ مزدوروں کے ملبے تلے دبنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
سنیچر کی صبح اسلام آباد پولیس کے ایک بیان کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کاموں کے لیے ریسکیو ٹیمیں پہنچیں اور پانچ زخمی مزدوروں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا جن میں سے دو کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس کے مطابق تین زخمی مزدوروں کو پولی کلینک جبکہ دو کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے دو جانبر نہ ہو سکے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے حادثے کا نوٹس لیا۔ انہوں نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین کو حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ کی ہدایت پر چیف کمشنر اسلام آباد نے تحقیقات کے لیے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم میں ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی ٹریفک، سی ڈی اے کے ممبر انجینیئرنگ اور نیسپاک کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔
وزیر داخلہ نے مزدوروں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد سے مری اور مظفر آباد جانے والی ٹریفک کو رش سے بچانے کے لیے بھارہ کہو کے علاقے میں بائی پاس بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بائی پاس کو ریکارڈ وقت میں مکمل کرنے کے لیے منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔