سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں بھائی کا خواب پورا نہ کرنے پر میڈیکل کے طالب علم نے خودکشی کرلی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سکھر میں میڈیکل کے طالب علم طارق نے بھائی کا خواب پورا نہ کرنے پر خودکشی کرلی، نوجوان نے خودکشی سے قبل خط بھی لکھا جس میں ماں سے محبت کا اظہار کیا گیا۔
متوفی طارق کے بھائی راجہ غضنفر کا کہنا تھا کہ طارق جی ایم سی کالج میں فائنل ایئر کا طالب علم تھا، طارق کا رزلٹ آیا تھا جس میں وہ ایک پیپر میں فیل ہوگیا تھا۔
بھائی کا کہنا تھا کہ میں نے طارق کو سمجھایا تھا کہ کوئی بات نہیں پیپر دوبارہ پاس کرلینا لیکن وہ دلبرداشتہ تھا جس کے سبب اس نے خودکشی کرلی۔
راجہ غضنفر کے مطابق طارق کے دوست نے فون کرکے بتایا کہ آپ کے بھائی نے خودکشی کرلی ہے۔
طارق کے بھائی کے مطابق ہم تحقیقات کا انتظار کررہے ہیں، بھائی کے اوپر کوئی دباؤ ہوگا جس کے سبب اس نے خودکشی کی ہے، بغیر کسی دباؤ کے وہ خودکشی نہیں کرتا۔
دوسری جانب واقعے پر ڈاکٹر معیز کا کہنا تھا کہ بچوں کو کہا جاتا ہے کہ امتحانات میں اچھے نمبر لانے ہیں تو بچوں کے ذہن میں یہ بیٹھ جاتا ہے کہ انہیں والدین کی توقعات کو پورا کرنے کے لیے اچھے نمبروں سے پاس ہونا ہے اور جیسے جیسے بچے بڑے ہوتے جاتے ہیں یہ عمل ان کے ذہن میں پختہ ہوجاتا ہے۔
ڈاکٹر معیز نے کہا کہ والدین کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بچوں کو پریشر نہ دیں، نوجوان کو امید تھی کہ اس کے اچھے مارکس آئیں گے لیکن نہیں آئے، ہوسکتا ہے کہ وہ اسی وجہ سے مایوس ہوگیا ہو اور اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔