بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے الیکٹرک سے معاہدہ کر لیا

0


کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے الیکٹرک کے درمیان باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے ساتھ بھرپور ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں، اس لیے پہلے قدم کے طور پر غیر پیچیدہ معاملات پر پیش رفت کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کے ایم سی اور کے الیکٹرک کی مشترکہ کمیٹی بجلی کے بلوں کی ادائیگی، انفرادی میٹرز کی تنصیب اور دیگر باہمی معاملات حل کرے گی۔

ایڈمنسٹریٹر نے کہا کے ایم سی اپنے زیر انتظام مختلف رہائشی و دیگر مقامات کے لیے درکار بجلی کے نئے یا اضافی کنکشنز کی فہرست کے الیکٹرک کو مہیا کرے گی، کے ایم سی کے فلیٹس میں انفرادی میٹرز لگائے جائیں گے جس کے بل کی ادائیگی وہاں رہائش پذیر افراد خود کریں گے۔

لئیق احمد کا کہنا تھا پہلے مرحلے میں عباسی شہید اسپتال، کالونی فلیٹس اور سینٹرل فائر بریگیڈ اسٹیشن کے فلیٹس میں انفرادی میٹر نصب ہوں گے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی میٹرز کی تنصیب اور نگرانی کے کاموں میں کے الیکٹرک کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، انھوں نے کہا کام کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مفادات کا تحفظ اور غیر قانونی کاموں کو روکا جا سکے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا ہماری پوری کوشش ہے کہ کے الیکٹرک کے ساتھ جو بھی چھوٹے یا بڑے تنازعات ہیں انھیں باہمی طور پر طے کر لیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here