اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ آسٹرازینیکا کورونا ویکسین کی 17 ملین ڈوز جلد پاکستان پہنچ جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ آسٹرا زینیکا کی پہلی 7ملین ڈوز اپریل سے پہلے پاکستان کو مل جائیں گی، دس ملین ڈوز جون سے پہلے پاکستان پہنچادی جائیں گی، آسٹرا زینیکا ویکسین سے 85لاکھ پاکستانی مستفید ہوں گے، کوویکس پروگرام کے تحت رواں سال پاکستان کو کل45 ملین ڈوز ملیں گی۔
ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے عزم ظاہر کیا کہ برطانوی اور پاکستانی عوام مل کر کورونا کے خلاف جنگ لڑیں گے، کورونا وبا کے دوران برطانیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے پاکستان کو وبا سے نمٹنے کے لیے20 ملین پاؤنڈ کی امداد دی ہے۔
آسٹرازینیکا 65سال سے زائد عمر سمیت تمام بزرگوں کے لیے محفوظ قرار دی گئی ہے۔ ڈبلیوایچ او کے مطابق ویکسین 18 سال اور زائد کے تمام افراد کے لیے موزوں ہے، آسٹرازینیکاکوروناویکسین آکسفورڈیونیورسٹی میں تیارکی گئی ہے۔