اے این پی کے ترجمان اسد خان اچکزئی کے قتل کا ڈراپ سین

0


کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ترجمان اسد خان اچکزئی کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، ڈی آئی جی کوئٹہ نے اسد اچکزئی کے اغوا اور قتل کے معاملے سے پردہ اٹھا دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کا کہنا ہے کہ اے این پی ترجمان اسد اچکزئی کا قاتل لیویز کا سپاہی نکلا ہے، واضح رہے کہ اسد اچکزئی کی لاش کوئٹہ کے علاقے نوحصار سے برآمد ہوئی تھی، وہ پانچ ماہ قبل ایئرپورٹ روڈ سے لاپتا ہوئے تھے۔

ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ ملزم اسرار لیویز کا سپاہی ہے اور ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہے، 5 ماہ قبل اندھے کیس کا معمہ حل کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے اسد خان اچکزئی کی گاڑی بھی ملی ہے، ملزمان نے اسد اچکزئی سے گاڑی چھین کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس نے کہا کہ مقتول اسد اچکزئی نے لیویز اہلکار کو لفٹ دی تھی، ملزم نے اسد کو قتل کرکے لاش کھائی میں پھینک دی تھی، ملزم نے انہیں پانچ ماہ پہلے ہی قتل کردیا تھا، اغوا کا مقدمہ درج ہوتے ہی پولیس نے تلاش شروع کردی تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ اسد خان کی بازیابی کے لیے حکومت نے ہر ممکن کوشش کی، ان کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here