Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the eventin domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/todaysne/domains/todaysnews.pk/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
این اے 75 ڈسکہ کیس : الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار ، پورے حلقے میں ری پولنگ کا حکم
Abdul Rehman
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوارکی درخواست خارج کردی اور این اے 75 میں پولنگ 10اپریل کو ہی کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ الیکشن کیس کی سماعت ہوئی ، الیکشن کمیشن کے وکیل میاں عبدالرؤف نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا صورتحال سےواضح ہوتاہے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہوئی، الیکشن ایکٹ کی شقوں پرعملدرآمدنہ ہوتوالیکشن کالعدم تصورہوتاہے۔
وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عدالتی ریکارڈ پررکھے گئے نقشے سے واضح ہے ایک بلڈنگ میں متعددپولنگ اسٹیشن تھے، فائرنگ،بدامنی کا اثرایک نہیں 100سے زائد پولنگ اسٹیشنزپرپڑا، صورتحال سے واضح ہے حلقے میں لیول پلیئنگ فیلڈنہیں تھی۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا لیول پلیئنگ فیلڈ سے آپ کی مراد ہے؟ ڈکشنری میں لیول پلیئنگ فیلڈ کا معنی دیکھیں کیاہے، آپ کے خیال میں ایک فریق کیلئےحالات سازگار ،دوسرے کیلئےنہیں، اگر بدامنی تھی تو دونوں کے حالات ناسازگار تھے، بدامنی کہہ سکتےہیں یہ نہیں کہہ سکتے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی۔
جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ آپ درست فرما رہےہیں ہو سکتا ہےمیرے الفاظ کااستعمال درست نہ ہو تو جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا احتیاط کریں ،لیول پلیئنگ فیلڈ جیسے الفاظ استعمال نہ کریں۔
جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس میں کہا قانونی نقاط بیان کریں جو ضروری نوعیت کےہیں، ان دستاویزپر انحصار کریں جن پر کمیشن نے فیصلہ دیا۔
دوران سماعت لیگی ایم این اے شیزافاطمہ موبائل استعمال کرتی رہیں ، جس پر پولیس اہلکاروں نے شیزا فاطمہ کو موبائل استعمال کرنے سے روک دیا۔
وکیل الیکشن کمیشن میاں عبدالروف نے بتایا کہ الیکشن کمیشن فیصلے میں منظم دھاندلی کا ذکر نہیں، الیکشن کمیشن نے منظم دھاندلی کا کوئی لفظ نہیں لکھا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون کی خلاف ورزیوں پر تھا۔
جسٹس عمر عطابندیال نے کہا الیکشن کمیشن نے انتظامیہ کو سنےبغیر ہی فیصلہ کردیا، حلقے میں حالات خراب تھے یہ حقیقت ہے، یہ درست نہیں پارٹیوں کو مقابلے کیلئےمساوی ماحول نہیں ملا، ووٹرز کیلئےمقابلے کے مساوی ماحول کا لفظ استعمال نہیں ہوتا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل میاں عبدالرؤف کے دلائل مکمل ہونے پر پی ٹی آئی کے وکیل شہزاد شوکت کا جواب الجواب شروع کئے ، شہزاد شوکت نے کہا پریزائیڈنگ افسران کیساتھ پولیس اسکواڈ نہیں تھے، صرف ایک پولیس گارڈ پریزائیڈنگ افسر کیساتھ تھا، نجی طور پر حاصل کی گئی گاڑیوں میں وائرلیس سسٹم نہیں تھا، انتخابی مواد آر او کوپہنچانا اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر کا کام ہے۔
وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران کو کون کہاں لے کر گیا تھا، پریزائیڈنگ افسران کی گمشدگی کےذمہ دار سامنے آنے چاہئیں، جس پر جسٹس عمرعطابندیال نے کہا 20 اسٹیشن پرقانون کی خلاف ورزیاں توہوئی ہیں، 20میں سے14پولنگ اسٹیشن کےنتائج سےنوشین افتخارمطمئن تھیں۔
شہزاد شوکت نے کہا کل کہا گیا رینجر تعینات نہیں تھی، الیکشن سے14روزقبل رینجرزتعیناتی کا ذکر ہوا، جس پر جسٹس سجادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کےمطابق رینجرزصرف گشت کررہی تھی۔
ڈی جی لاالیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ 25پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز موجود تھی، لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کےپولنگ اسٹیشنز پربھی رینجرزتھی، تو وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے آئی جی کی رپورٹ کوغلط کہا، سمجھ نہیں آ رہا آئی جی کی رپورٹ کوغلط کس بنیاد پر کہا گیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ فائرنگ سے2افرادقتل اور ایک زخمی ہوا، الیکشن کمیشن ڈسکہ میں مناسب اقدامات میں ناکام رہا، جس پر وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ 47فیصد تھا، ڈسکہ میں ٹرن آؤٹ 46.92 فیصد رہا جسے کہا گیا کم ہے، الیکشن کمیشن کامؤقف غلط ہے کہ لوگ ووٹ ڈالنےنہیں آسکے، این اے75میں2018کےالیکشن میں ٹرن آؤٹ53 فیصد تھا۔
شہزاد شوکت کا کہنا تھا کہ ڈسکہ سے 2018 میں مسلم لیگ ن کو 24ہزار ووٹ ملے تھے جبکہ ضمنی الیکشن میں ڈسکہ سے ن لیگ کو 21ہزار ووٹ ملے، فائرنگ کے باوجود صرف ن لیگ کو ووٹ پورے ملے۔
وکیل نے مزید کہا کہ فائرنگ اور قتل و غارت کا فائدہ کس کو ہوا تعین کرنا ہو گا، الیکشن کمیشن غیر جانبدار ہونے کےبجائے حقائق چھپا رہا ہے، الیکشن کمیشن کا کام تھا آئی جی سمیت دیگر افسران سے تحقیقات کرتا، الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد نوشین افتخار نے بیان حلفی دیا۔
جس پر جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ ایک بلڈنگ میں10پولنگ اسٹیشنزبھی دکھائے گئے ، الیکشن کمیشن کے کاغذات میں یہ تفصیلات درج ہیں، ووٹرز کے لیے ماحول پرامن ہونا چاہیے۔
جسٹس عمر عطابندیال نے استفسار کیا کیا پہلے بھی کبھی پریزائیڈنگ افسران لاپتہ ہوئے، وکیل پی ٹی آئی نے بتایا کہ ممکن ہے ماضی میں ہوتا رہا ہو مجھے معلوم نہیں تو جسٹس عمر عطابندیال نے کہا پریزائیڈنگ افسران پیش ہوئے توگھبرائے ہوئےتھے۔
جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا متنازع23 پولنگ اسٹیشنز پرگنتی سکتی تھی ، علی اسجد ملہی اپنے علاقے سے جیت رہے تھے، علی اسجد کامیاب ہوئے تو فرشتے پریزائیڈنگ افسران کولےگئے، فائرنگ کےصرف5 مقدمات درج ہوئے ہیں، مقدمات کےمطابق فائرنگ 19پولنگ اسٹیشنزپرہوئی جبکہ 24فروری کودوبارہ پولنگ کابیان حلفی دیاگیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا 24کوبیان حلفی آیا اور 24 کوفیصلہ ہوگیا، آپ کو بیان حلفی پر دلائل کا موقع نہیں دیاگیا، دوبارہ پولنگ کےنوشین افتخارکےبیان حلفی کاجائزہ نہیں لیں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام ہے شفاف ،منصفانہ انتخابات کرائے، وحیدہ شاہ نے پریزائیڈنگ افسر کوتھپڑ مارا تھا، پریزائیڈنگ افسران جس نےغائب کئے،انتخابی عمل کودھچکا لگا۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جواب 23 پولنگ اسٹیشنز پر مانگا تھا، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ نتائج متاثر ہوں تو دوبارہ پولنگ ہوسکتی ہے، تو وکیل پی ٹی آئی نے مزید کہا سمری انکوائری میں بھی پولیس ،انتظامیہ کو سننا ضروری تھا، دوبارہ پولنگ کیلئےپی ٹی آئی کو نوٹس کرنا ضروری تھا، ماضی میں بھی سمری انکوائری میں سب کا مؤقف سنا گیا، وکیل پی ٹی آئی
جس کے بعد سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ کیس پی ٹی آئی امیدوارکی درخواست خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا دوبارہ الیکشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔
سپریم کورٹ نے این اے 75 میں پولنگ 10اپریل کو ہی کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا الیکشن پورے حلقے میں ہوگا۔