ایف اے ٹی ایف نکات پر عملدرآمد کے لئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ
Abdul Rehman
کراچی: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے باہر نکلنے کے لئے وفاقی حکومت انتہائی جامع اقدامات کررہی ہے، ایسے میں سندھ حکومت بھی وفاق کے شانہ بشانہ ہے، اسی تناظر میں صوبائی حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں مساجد کی تفصیلات جمع کرنے کے سلسلے میں محکمہ اوقاف نے صوبے بھر کی مساجد کو ایک پروفارما جاری کیا ہے، مساجد کو جاری پروفارمے میں چندے کا طریقہ کار، مساجد کی ملکیت بشمول دکانیں اور دیگر تفصیلات طلب کرلی گئیں ہیں۔
سیکریٹری اوقاف نے مساجد کی تفصیلات جمع کرنے کے عمل کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ہدایت پر یہ ڈیٹا جمع کیاجا رہا ہے، سندھ حکومت پہلے ہی درگاہوں سے متعلق مکمل معلومات وفاقی وزیر داخلہ کو ارسال کرچکی ہے۔
سیکریٹری اوقاف سندھ نے بتایا کہ صوبے بھر میں محکمہ اوقاف کےزیر انتظام76 مساجد، اور ایک سو دو درگاہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہونے والے اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے جون 2021 تک کی مہلت دی تھی۔
ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدمات کا جائزہ لینے کے بعد اسے گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، ایف اے ٹی ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 27 میں سے 24 نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے مطابق ’پاکستان نے ایکشن پلان پر عمل درآمد میں کچھ سنگین خامیاں ابھی بھی باقی ہیں، ان کا خامیوں کا تعلق دہشت گردی کی مالی معاونت سے ہے۔