’اگر میں گڑبڑ کر دوں تو عمران۔۔۔‘:مگر پرویز خٹک نے وضاحت کر دی
Abdul Rehman
وفاقی وزیر پرویز خٹک نے حکومت کے بارے میں اپنی ایک حالیہ تقریر پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ مخلص اور ان کے احسان مند ہیں۔
سنیچر کو وفاقی وزیر پرویز خٹک نے اپنے آبائی علاقے نوشہرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اپوزیشن ارکان میری بہت عزت کرتے ہیں اور تمام اسمبلی ممبران کو میں سنبھالتا ہوں اگر میں گڑ بڑ کروں تو عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔‘
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی اس خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔ جس میں وہ اپنے آبائی علاقے میں مقامی افراد سے پشتو زبان میں خطاب کر رہے ہیں۔
ٹویٹر پر موجود 25 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں پرویز خٹک خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں جسے اختیار دے دوں وہ آسمان تک پہنچ جاتا ہے اور جس سے میں اختیار لے لوں وہ صفر ہو جاتا ہے کیونکہ یہ میری محنت اور میری کوشش ہے۔‘
اپنے خطاب میں پرویز خٹک کہتے ہیں کہ ’میں آج پورے پاکستان سے مقابلہ کر رہا ہوں،اپوزیشن والے بھی میری عزت کرتے ہیں اور تمام اسمبلی کے ممبران کو میں سنبھالتا ہوں، میں اگر گڑ بڑ کروں تو عمران خان کی حکومت ایک دن نہیں چل سکتی۔‘
اتوار کو اس حوالے سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے ٹویٹر پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’میں نے مقامی افراد سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ میں عمران کے ساتھ مخلص اور ان کا احسان مند ہوں۔ ہماری محنت اور عمران خان کی حمایت کے باعث ہم اپنے حلقے میں کامیاب ہیں۔ ضمنی انتخاب میں ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو شکست دیں گے۔‘
واضح رہے کہ پرویز خٹک 2018 کے انتخابی مہم کے دوران اپنے آبائی علاقے میں پشتو میں اپنے مخالفین کے حوالے سے متنازع تقاریر کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے تھے جس پر انہیں معافی مانگنا پڑی۔
ٹویٹر صارفین پرویز خٹک کے اس بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
لودھی خان نامی صارف نے پرویز خٹک پر لکھا کہ ’صاحب آپ کا کردار اسی وقت سے واضح ہے جب عمران خان کسی اور کو وزیراعلی بنانا چاہتے تھے اور جناب بلیک میلنگ پر اتر آئے۔‘
فوادیز نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’خٹک صاحب کی ٹویٹ اور ویڈیو میں کھلا تضاد ہے۔‘