لاہور : قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس کی تحقیقات شروع کردیں اور نیب کی ٹیم کو جیل میں شہباز شریف سے تفتیش کی اجازت مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے احتساب عدالت سے شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کے لیے اجازت مانگ لی۔
نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف پنجاب پراونشنل بینک کے سی ای او سید طلعت کی تعیناتی کی غیر قانونی طور منظوری دینے کی انکوائری شروع کی گئی ہے، سید طلعت محمود کی تعیناتی میں بےضابطگیاں ہوئیں۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے نیب کی تفتشی ٹیم کو جیل میں شہباز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی اور سپرٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت کو باقاعدہ حکم نامے ارسال کردیا۔
خیال رہے گذشتہ سال ستمبر میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب حکام نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا تھا۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے ، درخواست میں شہباز شریف نے استدعا کی ہے کہ ٹرائل باقاعدگی سے جوائن کرتا رہوں گا، عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔