Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the eventin domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/todaysne/domains/todaysnews.pk/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
Todays News

آج کے دن پاکستان کو قانون کی حکمرانی پر مبنی ریاست بنانے کا عہد کریں: وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئیں ہم پاکستان کو قانون کی حکمرانی پر مبنی ریاست بنانے کا عہد کریں، اللہ ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج بابائے قوم اور تحریک آزادی کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کا فیصلہ کیا، ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد اور آزاد مسلم ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔ جدوجہد سے 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر جمہوری فلاحی ریاست میں بدلنا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری قوم نے اتحاد اور بھرپور عزم سے کٹھن چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا، آج ہمیں اس وبا کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔ اس وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، انشا اللہ ہم آزمائش کی گھڑی میں بھی سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیریوں کو بھارتی فورسز کی جانب سے بدترین ریاستی جبر کا سامنا ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جرات اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ آئیں ہم پاکستان کو قانون کی حکمرانی پر مبنی ریاست بنانے کا عہد کریں، اللہ ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Exit mobile version