Todays News

آئی پی پیز بجلی کی قیمت میں کمی پر رضامند


آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی معاہدوں میں اہم پیشرفت ہوگئی، 3 نجی پاور پلانٹس منافع کی شرح میں 1.45 پیسے فی یونٹ تک کمی پر رضا مند ہوگئے، نیپرا کو درخواستیں بھی دے دی گئیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ آئی پی پيز کے ساتھ معاہدے آخری مراحل ميں ہيں، نئے معاہدوں سے آئندہ 20 سالوں ميں 836 ارب روپے کی بچت ہوگی، چند سال میں بجلی ایک سے 2 روپے فی یونٹ سستی ہوگی۔

تازہ اطلاعات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق قائداعظم سولر کمپنی نے منافع کی شرح میں 1.45 پیسے فی یونٹ کمی کیلئے درخواست جمع کرادی ہے جبکہ قائد اعظم تھرمل کمپنی نے 9 پیسے اور پنجاب تھرمل پاور پلانٹ نے منافع کی شرح میں 7 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی ہے۔

نیپرا نے تینوں پاور کمپنیوں کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلیں، کارروائی 27 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

واضح رہے کہ حکومت نے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے اسلام آباد میں اسد عمر اور تابش گوہر کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں بجلی کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت کو قرار دیا تھا۔

Exit mobile version