لاہور : سینٹ انتخابات کے بعد مسلم لیگ ق مزید اہمیت اختیار کر گئی، چوہدری پرویزالہیٰ نے وزیراعظم عمران خان سے کہا بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے جبکہ صادق سنجرانی کومکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ انتخاب کے بعد حکومت کیلئے قاف لیگ کی اہمیت ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی، وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اعتماد کے ووٹ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
عمران خان نے پنجاب میں سینیٹ امیدواروں کےبلامقابلہ منتخب کرانے پر شکریہ ادا کیا اور چوہدری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی ،اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
دوسری جانب چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی سپیکر پرویز الہی کو فون کرکے بطورامیدوار چیرمین سینٹ کے انتخاب میں ان کی حمایت طلب کی۔
زرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چیرمین سینٹ کے انتخاب میں صادق سنجرانی کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا حکومت کے اتحادی ہیں، چیئرمین سینیٹ کی نشست پرمکمل تعاون کریں گے۔