Todays News

اب تک کتنے ہیلتھ ورکرز کو کرونا ویکسین لگائی گئی، بزرگ شہریوں کا نمبر کب آئے گا؟


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان اُن 65 ممالک میں شامل ہے جہاں کرونا ویکسینیشن ہورہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ ہماری اوّلین ترجیح ہے، انہیں وبا کے دور میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر سلام پیش کرتے ہیں‘۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اب تک 52 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز کو کرونا ویکسین دی جاچکی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چین سے درآمد کی جانے والی کرونا ویکسین ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جارہی ہے، رجسٹرڈ ہونے والے فرنٹ لائن ورکرز کو انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اپنا شناختی کارڈ بھیج کر کسی بھی سینٹر سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہریوں کی ویکسینیشن کا آغاز مارچ کے ابتدائی ایام میں ہوگا، 65 سال سے زائد عمر کے شہری 1166 پراپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے وقت خود کو رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔

معاونِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ جون تک کرونا ویکسین کی اضافی خوراکیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا جائے گا۔

Exit mobile version