جیکب آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف ڈیل میں شامل ہونے سے پہلے عوام کو مہنگائی میں دھکیلا، حکومت اپنے اداروں کو آئی ایم ایف کے حوالے کرتی جا رہی ہے، اسٹیٹ بینک کو بھی آئی ایم ایف کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
بلاول بھٹو جیکب آباد میں جاکھرانی ہاؤس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت جو آرڈیننس لے کر آئی ہے اس کے مطابق اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف چلائے گا، لیکن پیپلز پارٹی اس آرڈیننس کو ہر فورم پر چیلنج کرے گی، ہم نے سنا ہے حکومت باقی معاشی فیصلے بھی آرڈیننس سے کرنا چاہتی ہے، یہ پارلیمان پر حملہ ہوگا۔
انھوں نے کہا 2018 الیکشن میں کوشش کی گئی عوامی نمائندوں کی جگہ من پسند نمائندے منتخب ہوں، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے ڈسکہ کی طرح ملک بھر میں شفافیت لائیں، مطالبہ کرتے ہیں صرف پنجاب نہیں ملک بھر میں دھاندلی کا راستہ روکیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا وزیر اعظم جس طرح لوگوں کو ہٹاتے ہیں اسے گڈ گورننس نہیں کہتے، یہ موجودہ حکومت کی ناکامی ہے، وہ کسی قسم کی ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں، پٹرولیم اسکینڈل کے ذمہ دار عمران خان اور کابینہ خود ہیں، ندیم بابر کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے، ہم پٹرولیم اسکینڈل کو ایسے نہیں چھوڑیں گے۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پی پی چیئرمین نے کہا براڈ شیٹ کیس کوئی نیا نہیں، اس میں نیب ذمہ دار ہے، جب کہ کیس سیاست دانوں پر ڈالا جا رہا ہے، جسٹس (ر) عظمت سعید خود نیب کے پراسیکیوٹر تھے، ناکام کوشش جاری ہے کہ براڈ شیٹ کیس کا الزام سیاست دانوں پر ڈالا جائے۔
انھوں نے اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس کچھ دنوں میں ہوگا جس میں اہم فیصلے ہوں گے، ن لیگ سے متعلق بھی بات چیت ہوگی، ن لیگ کے ساتھ ہمارا ایک ماضی ہے، ہم نہیں چاہتے اپوزیشن کی لڑائی کی وجہ سے موجودہ حکومت کو فائدہ ہو۔
بلاول نے کہا کہ مریم نواز اور فضل الرحمان کی صحت کے لیے دعاگو ہوں، میں چاہتا ہوں دونوں صحت یاب ہو کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں، پی ڈی ایم جماعتوں کو کہوں گا کہ صبر و تحمل سے چیزوں کو دیکھیں، میں نہیں سمجھتا کہ فضل الرحمان ہم سے ناراض ہو سکتے ہیں، مولانا پی ڈی ایم صدر ہیں امید ہے یک طرفہ نہیں چلیں گے۔