آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا ہے، انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وہ آئندہ سال آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بہت پر امید ہیں کہ یہ ٹور پاکستانی عوام اور کرکٹرز کے لیے شاندار ہوگا۔ اس دورے میں 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 1998میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
بین ڈنک سے سوال گیا کہ اگر کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر ان سے رائے مانگی تو وہ کیا جواب دیں گے، بین ڈنک نے جواب دیا کہ وہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے 100 فیصد مطمئن ہیں، وہ چار مرتبہ پاکستان آچکے ہیں اور انہوں نے یہاں کبھی خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھا۔
بین ڈنک نے مزید کہا کہ یہاں ہوٹل سے لے کر گراؤنڈ تک بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں، ایسے میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان یہاں کی عوام کے لیے ایک شاندار تجربہ ہوگا۔
پاکستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال میں بہتر ی کی وجہ سے پی سی بی کو انٹرنیشنل ٹیموں کو دورہ پاکستان کے لیے راضی کرنے میں بھی بہت مدد ملی ہے۔
پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ 2019 میں دوبارہ بحال ہوچکا ہے اور اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو بھی رواں سال پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔