ہڈیوں کے کینسر پر نئے طریقے سے ریسرچ کرنے والی دنیا کی پہلی پاکستانی سائنس دان طالبہ

0


چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی طالبہ نے نہ صرف اپنے لیے بلکہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق بحیرہ روم کے یورپی ملک مالٹا میں مقیم آمنہ خان نامی پاکستانی طالبہ نوول (نئے) کیمیکل بون کینسر پر ریسرچ کرنے والی دنیا کی پہلی سائنس دان بن گئی ہے۔

چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی آمنہ خان نے یہ اعزاز یونی ورسٹی آف مالٹا میں اپنے نام کیا، پاکستانی طالبہ کی مالٹا کے صدر جارج ویلا سے خصوصی ملاقات بھی ہوئی، جارج ویلا نے ان کی نوول کیمیکل بون کینسر پر ریسرچ کو سراہا۔

آمنہ خان کا کہنا ہے کہ وہ دنیا میں پہلی بار اَن نیچرل کیمیکلز سے بون کینسر پر ریسرچ کر رہی ہیں، انھوں نے بتایا یہ نوول کیمیکل نیچرل طریقے سے تیار کیے جاتے ہیں، اسے پودوں اور حشرات الارض سے حاصل کر کے اس کے ذریعے بون کینسر کا علاج ممکن ہے۔

پاکستانی طالبہ نے کہا وہ نیک کام میں حصہ لے رہی ہیں، اور اس سے پوری انسانیت کو فائدہ پہنچے گا۔

رپورٹس کے مطابق مالٹا کے صدر جارج ویلا نے آمنہ خان سے خصوصی طور پر ملاقات کی، انھوں نے پاکستانی طالبہ سے نئے طریقے سے ہڈیوں کے کینسر پر تحقیق کے حوالے سے گفتگو کی، اور ان کے اقدام کو سراہا۔

خیال رہے کہ پاکستان طلبہ دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، ابھی گزشتہ ماہ کرونا وبا کے دوران اپنی خدمات سر انجام دینے والے پاکستانی نژاد برطانوی طالب علم مومن ثاقب کو عالمی اعزاز ’کو وِڈ نائٹین یوتھ ہیرو‘ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

مومن ثاقب نے برٹش پاکستانی ہوٹل مالک راجہ سلیمان رضا اور عارف ملک کے ہمراہ مارچ 2020 میں رضاکاروں کی ایک ٹیم تشکیل دی تھی، جو نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے عملے اور پولیس سمیت، اسکولوں کے عملے اور فائر فائٹرز کو مفت گرم کھانا مہیا کرتے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here