کورونا کی نئی لہر پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی تیار
Abdul Rehman
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کوروناوائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے اسلام آباد کو3زونز میں تقسیم کردیا، وفاقی دارالحکومت کورونا سے متعلق ریڈ، اورنج، گرین نارنجی زونز میں تقسیم ہوا ہے۔ کورونا کے حوالے سے حساس ترین سیکٹرز ریڈ زون رہیں گے جن میں بہارہ کہو، بنی گالہ، آئی 10 اور آئی ٹین 2 شامل ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر جی 9، جی 9 ون، جی 10، جی 10 فور، سیکٹرز ایف الیون اور ایف 11 ون کو بھی ریڈ زون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بنی گالہ میں 64 کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔
اورنج زون میں جی 9، آئی ایٹ کے 2 سب سیکٹرز، سیکٹر جی کے 2، سیکٹر آئی کے 2سب سیکٹرز اور سیکٹر جی کے سات سب سیکٹرز اورنج زون میں شامل ہیں۔
اسلام آباد کے کورنگ ٹاؤن، علی پورفراش، پی ڈبلیو ڈی سوسائٹی، غوری ٹاؤن، بہارہ کہو، ترلائی اور پاکستان ٹاؤن گرین زون کا حصہ ہوں گے۔
ادھر ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعداد و شمار جاری کیے۔ این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا کے 61 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں مزید تین ہزار چار 95 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 ہوگئی۔