کورونا کی خطرناک صورتحال، 2 ہفتے کے مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار
Abdul Rehman
لاہور : پنجاب میں کورونا پھیلاؤکی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ کے بعد پنجاب حکومت نے 2 ہفتے کے مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار کرلی اور کہا مکمل لاک ڈاؤن سے کورونا کے بڑھتے کیسز کو روکا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے 11اپریل تک نافذکیے گئےلاک ڈاؤن کی مدت ختم ہوگئی ہے، کوروناکی تیسری لہر سے نمٹنےکیلئے پنجاب حکومت نے سخت لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجاب حکومت این سی اوسی اجلاس میں ضروری کاروبارکواستثنیٰ دے کر 2 ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن عائد کرنے تجویز دے گی تاہم بڑی مارکیٹوں، شاپنگ مالزکوسخت حفاظتی اقدامات کیساتھ کھولنےکی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں کوروناوائرس کے باعث سب سے زیادہ لاہور متاثرہوا ، لاہورمیں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 19 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، این سی اوسی کی منظوری کےبعدلاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کی جائےگی۔
خیال رہے پنجاب کے5بڑےشہروں میں مثبت کیسزکی تعداد15فیصدسےزائدہوچکی ہے اور صوبے میں7بڑےاسپتالوں میں اوپی ڈیز 20 اپریل تک بند کردی گئیں ہیں۔
خیال رہے چوبیس گھنٹے میں خطرناک وائرس سے مزید 58 افراد انتقال کر گئے، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد پندرہ ہزار پانچ سو ایک ہو چکی ہے۔
ایک روز کے دوران چوالیس ہزار پانچ سو چودہ افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں چار ہزار پانچ سو چوراسی نئے مریض سامنے آئے، ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دس اعشاریہ دو نو فیصد رہی۔