پشاور : خیبر پختونخوا میں کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر 9 اضلاع میں ہفتے اوراتوارکو تجارتی مراکزبند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخواکے9 اضلاع میں ہفتےاوراتوار کو تجارتی مراکزبند ہوں گے ، ان اضلاع میں پشاور، چارسدہ ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، سوات، صوابی، مالاکنڈ اور لوئر دیر شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان اضلاع میں ہفتہ اوراتوارکومارکیٹیں بندرہیں گی تاہم اشیا خوردونوش اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے جبکہ ادویات،بیکری،کریانہ اورضروری اشیاکی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔
یاد رہے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا تھا، جس میں مارکیٹوں کی ممکنہ بندش پر صوبائی کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ، کمیٹی میں تیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش شامل ہوں گے۔
اجلاس میں صوبے کے نو اضلاع میں اسکولوں کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہونےپراسکولوں کوبند کیاجائے گا، اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالاکنڈ، سوات اوردیر لوئر شامل ہیں۔