کورونا کی تیسری لہر: کراچی کے مختلف علاقوں میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکزبند کرادیے گئے
Abdul Rehman
کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند کرا دیے گئے ، محکمہ صحت و محکمہ داخلہ کے احکامات کے تحت ہفتہ اور اتوار والے دن شہر کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس موبائل کے ذریعے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز بند رکھنے کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس کی جانب سے اعلانات میں کہا گیا کہ دکاندار حضرات کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق ہفتہ اور اتوارتجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں۔
کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر محکمہ صحت ومحکمہ داخلہ نے ہفتے میں 5دن کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے اور ہفتہ اور اتوار کی تعطیل والے دن تمام تجارتی مراکزبند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے سندھ حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے بھر میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 6 اپریل سے شادی سمیت ہر قسم کی تقریب پر پابندی اور کاروباری مراکز 8 بجے بند کرنے کا احکامات جاری کیے تھے۔
حکومت کا کہنا تھا کہ کرونا کیسز آٹھ فیصد مثبت شرح والے علاقوں میں لاک ڈاؤن ہوگا اور نئی پابندیاں 11 اپریل تک نافذ العمل ہوں گی۔
خیال رہے پاکستان میں کوروناکے وار مزید شدید ہوتے جارہے ہیں ۔ تیسری لہرنےچوبیس گھنٹے میں مزید84 افرادکی جان لےلی، اب تک کوروناسےہلاکتیں چودہ ہزارچھ سوستانوے ہوگئیں۔