عالمی کورونا وبا نے دنیا بھر میں ایک ہی دن میں 50 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا جو یومیہ بنیاد پر سب سے زائد رپورٹ ہونے والے کیسز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں صرف پچھلے 5 دن میں ایک کروڑ کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے۔ امریکا میں کورونا نے ایک ہی دن میں سات لاکھ سے زائد مریض رپورٹ اور اٹھارہ سو اموات ہوئیں۔ امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے بارہ سے سترہ سال کے افراد کو فائزر کے بوسٹر شاٹس لگانے کی منظوری دے دی۔
اومی کرون کے باعث گریمی ایوارڈز کی تقریب بھی ملتوی کر دی گئی۔ گریمی ایوارڈز کی تقریب لاس اینجلس میں اکتیس جنوری کو ہونی تھی۔ فرانس میں بھی چوبیس گھنٹے میں تین لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانیہ آمد سے پہلے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی۔ برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کا اطلاق جمعہ سے ہوگا۔
برطانوی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ لوگ گھروں سے کام جاری رکھیں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک لازمی پہنیں۔ برطانیہ میں مزید ایک لاکھ چورانوے ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
یورپی ملک اٹلی میں ایک لاکھ نواسی ہزار کیسز جبکہ اسپین میں ایک لاکھ سینتیس ہزار مریض سامنے آئے۔ اسی طرح ترکی میں چھیاسٹھ ہزار، برازیل انیس ہزار اور بلغاریہ میں چھے ہزار یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ بلغاریہ میں داخلے کے لیے منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ دِکھانا لازمی ہے۔
دوسری جانب غیر ویکسین شدہ= افراد کے لیے غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال پر فرانسیسی صدر کو عوام اور اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پولش صدر کورونا میں مبتلا ہوگئے۔۔ اس وقت دنیا بھر میں ایکٹیو کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے تین کروڑ ہے۔