Todays News

کورونا آگاہی مہم کا سلوگن ’’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘‘ تبدیل کرنے کی تجویز


اسلام آباد : کورونا وبا آگاہی مہم کیلئے سلوگن ’’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘‘ تبدیل کرنے کی تجویز دے دی ، ’کورونا وبا ہے ،احتیاط جس کی شفا ہے‘‘نیا سلوگن ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے کورونا وبا آگاہی مہم کیلئےسلوگن تبدیل کرنے کی رائے دیتے ہوئے پرانا سلوگن ’’کوروناسےڈرنانہیں لڑناہے‘‘ تبدیل کرنے کی تجویز دے دی، ’’کورونا وبا ہے،احتیاط جس کی شفا ہے‘‘نیا سلوگن ہوگا۔

کابینہ اجلاس نے لاہورہائیکورٹ میں دائر رٹ پٹیشن سے متعلق رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسلامی نظریاتی کونسل کی واضح رائے موصول ہوچکی ہے، وبا کی اللہ تعالیٰ کی جانب سے تنبیہ ہوئی ہے جو رجوع اللہ کا تقاضا کرتی ہے۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ آگاہی مہم سےمتعلق یہ کہنازیادہ مناسب ہوگا ’’کورونا وبا ہے، احتیاط جس کی شفا ہے‘‘۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے ہورہا ہے ، جس کے لیے سینئر سٹیزن کو ویکسین کے لیے ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔

یاد رہے ملک میں کورونا نے مزید تینتالیس افراد کی جان لے لی ہے ، جس کے بعد مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد تیرہ ہزارتین سوچوبیس ہوگئی۔

این سی اوسی کے مطابق گزشتہ روزانتالیس ہزارچارسو چوبیس کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے ایک ہزارسات سوچھیاسی نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح چارعشاریہ پانچ فیصد رہی جبکہ ملک میں کوروناکے فعال کیسز کی تعداد سولہ ہزارچھ سوننانوے ہوگئی ہے۔

Exit mobile version