کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ، برف باری کا امکان
Abdul Rehman
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے برف باری کا امکان ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں مطلع ابر آلود ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسم سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ، چمن، زیارت، سبی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور نصیر آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات اور زیارت میں منفی 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گوادر میں درجہ حرارت 11، تربت میں 12 اور جیونی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔