لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اسکولنگ کے ساتھ مل کر جلد ہی 100 بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے، کنڈیشن کے حساب سے کوچز کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں تاثر ہے کہ کوچ کارکردگی کا فیصلہ کرتے ہیں، یہ تاثر ٹھیک نہیں، کوشش ہے کہ ماحول اور لیڈر شپ کے ذریعے کچھ کر سکیں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جتنا بھرپور سیزن آنے والا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں آیا، نتائج اچھے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ مزید اچھے نتائج ملیں گے، اسکولنگ کے ساتھ مل کر جلد ہی 100 بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے، ہم نشاندہی کردیں گے کہ یہ ہمارا مستقبل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آل پاکستان ٹیلنٹ ہنٹ بھی چل رہا ہے، تمام چیزیں 15 دن میں سامنے آجائیں گی، اسکول کرکٹ 2 دن ہفتے اتوار کو پورے پاکستان میں ہو رہی ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے مٹی بھی منگوا رہے ہیں اور پچز بھی منگوا رہے ہیں، کوشش ہے کہ 40 ہائبرڈ پچز کلب میں بچھائیں۔ کراچی میں تماشائیوں کی طرف سے ردعمل مایوس کن رہا، پارکنگ اور دیگر مشکلات کی وجہ سے تماشائیوں کی آمد کم رہی۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اسپیشلسٹ کی ضرورت ہے، کنڈیشن کے حساب سے کوچز کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں، پاور ہٹنگ کے لیے کوچ کی خدمات لینا چاہتے ہیں، ہمیں یہ تجربہ کرنا چاہیئے۔