اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کل کے الیکشن کے لیے تیار ہیں اور کامیاب بھی ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا، ہم نے پارٹی کو منظم طریقے سے متحرک کرنا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ آنے والے دنوں میں قوم کو آگاہ کریں گے کہ کیا کیا ترقیاتی کام کیے ہیں، کل کے الیکشن میں بھی ہر ممبر کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اخلاقیات تباہ کیں، پی ڈی ایم پہلے کی طرح اس بار بھی ناکام ہوگی۔
دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کور کمیٹی کا وزیراعطم عمران خان پر اعتماد کا اظہار ہے، پارٹی نے ایک بار پھر کور کمیٹی میں حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ رول آف لا خریدو فروخت میں مانگے تانگے سے سیٹ کو چوری کیا گیا، گلگت بلتستان میں متفقہ طور پر قرارداد پاس کی گئی اور صوبہ بنانے کی بات ہوئی، الیکٹورل ریفارم پر بھی تجویز دی گئیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے مسلسل افواہیں چل رہی ہیں، کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن کے منفی پراپیگنڈہ کی کور کمیٹی نے سختی سے مذمت کی۔