کراچی: پولیس نے ہیئر ڈریسرز دکانوں میں واردات کرنیوالے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کو لیاری کے علاقے چاکیواڑہ سے گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیئر ڈریسرز دکانوں میں واردات کرنیوالے ڈکیت گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا ، پولیس نے دونوں ملزمان کو گزشتہ روز چاکیواڑہ سے گرفتار کیا۔
دونوں ملزم محمد کاشف اور محمد آصف نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کئے جبکہ پولیس نے گرفتار ملزمان کی وارداتوں کی متعدد فوٹیجز حاصل کرلیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ انھوں نے گارڈن میں حجاموں کی 3 ،کھارادرمیں 2 دکانوں کو لوٹا جبکہ صدر میں بیٹریز اور ٹائر کی دکانوں کو بھی لوٹنے میں ملوث ہیں
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ہیر ڈریسرز کی دکانوں کو زیادہ پیسوں کی لالچ میں لوٹا کرتے تھے، مشتبہ افراد نے بتایا کہ ان کے لیے نہ صرف کیش کاؤنٹرز سے پیسے چھیننا آسان تھا بلکہ سیلون میں موجود گاہکوں کو ان کے سامان سے بھی محروم کر دیتے تھے۔
خیال رہے کراچی میں ہیئر سیلون میں ڈکیتی کی وارداتیں پہلے بھی رپورٹ ہو چکی ہیں اور حال ہی میں ایسے ہی ایک واقعے میں کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں حجام کی دکان پر ڈکیتی کی مزاحمت پر ایک راہگیر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا تھا۔