کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پارکنگ ایریا میں گائے باندھنے پر گولیاں چل گئیں، عمران گھانچی نامی شخص مسلح افراد کو لے آیا اور شدید فائرنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پارکنگ ایریا میں گائے باندھنے پر گولیاں چل گئیں، 2 افراد عمران گھانچی اور کاشف کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔
3 روز قبل عمران گھانچی نے کاشف کو جانوروں کا ٹینٹ لگانے سے منع کیا تھا، تاہم ٹینٹ لگائے جانے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد عمران گھانچی مسلح افراد کو لے آیا اور علاقے میں شدید فائرنگ کی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موقع پر پولیس پہنچی تو مسلح افراد نے پولیس کو دھکے دیے اور اسلحہ دکھایا، مسلح ملزمان کی فائرنگ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو مل گئی۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی روشنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔