کراچی: لاک ڈاؤن کے باعث شہرقائد سمیت اندرون سندھ میں اجناس کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ ہول سیل اجناس مارکیٹ پر بھی کردیا جس کے باعث کراچی سمیت اندرون سندھ میں اجناس کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گارڈن نے کل اجناس منڈی بند رکھنے کا حکم دیا ہے، پہلے کبھی لاک ڈاؤن میں بھی اجناس منڈی کو بند کرنے کا نہیں کہا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوڑیا بازار سے ملک بھر کو اجناس اور کوکنگ آئل سپلائی کیا جاتا ہے۔
عبدالرؤف نے خدشہ ظاہر کیا کہ جمعہ، اتوار چھٹی اور ہفتے کو ہاف ڈے سے سپلائی متاثر ہوگی۔ اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کیا مگران کا کہنا ہے اوپر سے حکم ملا ہے، کراچی میں اجناس کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔
ادھر تاجر برادری نے بھی سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مارکیٹوں کے اوقات کار اور چھٹی پر نرمی کرے۔