Todays News

کراچی: سوشل میڈیا دوست کے خاطر بیوی نے شوہر کو قتل کر ڈالا


کراچی: ایسٹ انویسٹی گیشن نے جدید طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے شوہر کے قتل میں ملوث بیوی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایسٹ انویسٹی گیشن پولیس نے اندھے قتل کا مقدمہ حل کرلیا، قتل میں شریک ملزمہ مقتول کی بیوی نکلی، جس نے سوشل میڈیا دوست کے کہنے پر سنگین جرم کا ارتکاب کیا۔

ایسٹ انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمہ کا ساتھی بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کئے۔

پولیس کے مطابق بیوی نے فلمی انداز میں شوہر کو فول پروف طریقے سے قتل کیا، 27 جون 2021 کو یوشع نامی نوجوان اپنی بیوی کے ساتھ جوس پینے گیا، جوس پیتے ہی یوشع کی طبیعت خراب ہوئی اور اس کاانتقال ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی اسٹریٹ کرائم: نئے سال کے ڈیڑھ ماہ میں 11 ہزار وارداتیں، 13 قتل

بیٹے کی اندوہناک موت پر یوشع کے والد نے شک کی بنیاد پر گلشن تھانے میں مقدمہ درج کروایا، تفتیش میں ملزمہ ارین کی سلمان نامی ملزم سے دوستی کا پتہ چلا جو کہ لاہور کا رہائشی تھا۔

ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ ہماری ڈیڑھ سال پہلے انسٹاگرام پر دوستی ہوئی، قربتیں بڑھنے پر یوشع کے قتل کا پلان بنایا، جس کے لئے ملزم نےبذریعہ کورئیر چاکلیٹ اور ایک لیڈیز سینڈل کراچی بھجوائی، لیڈیز سینڈل کی ہیل میں فاسفائن نامی زہر چھپا کربھیجا گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ جوس سینٹر پہنچتے ہی بیوی نے شوہر کے جوس میں زہر ملایا اور یوشع کی ہلاکت ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی زہر دینے کے شواہد ملے تھے۔

Exit mobile version