کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 57 لاکھ روپے لوٹنے والے ملزمان کو دھرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر کامیاب کارروائی کی، کارروائی کے دوران تاجر کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔
کارروائی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایس پی سرفراز نواز نے بتایا کہ سجاد نامی تاجر نے 59 لاکھ روپے میں اپنا فلیٹ فروخت کیا تھا، دوران ڈکیتی ملزمان نے تاجر کو لوٹا اور اس کی جمع پونجی اپنے ساتھ لے گئے۔
متاثرہ تاجر کی جانب سے واقعے کی رپورٹ درج کرائی گئی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور دونوں ملزمان کو لیاری کے علاقے مرزا آدم کالونی سے حراست میں لیا اور تاجر سے چھینے گئے 59 لاکھ میں سے 57 لاکھ روپے برآمد کرلئے۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت پیار علی اور راشد کے ناموں سے ہوئی، دونوں ملزمان کا سابقہ ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ ملزمان جرائم یافتہ ہیں، ملزمان اسٹریٹ کرائم،کیش چھنیے کی 50 وادراتوں میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے تفیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔