کراچی: شہر قائد میں گذشتہ روز ہونے والی بارش شہریوں کے لئے زحمت بن گئی، کہیں بجلی غائب تو کہیں بارش کا پانی کاروباری مراکز میں داخل ہونے سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں وقفے وقفےسے ہونے والے بارش کے نتیجے میں متعدد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
کراچی کے قدیم اردو بازار میں بارش کا پانی دوکانوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث لاکھوں روپے کے اسٹیشنری آئٹم پانی کے نذر ہوگئے، نصرت بھٹو کالونی کےقریب نالہ بھرنے سے گنداپانی گلیوں میں جمع ہوگیا ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر پاور ہاؤس چورنگی سے یوپی موڑ تک اور ماڈل کالونی میں سیوریج اوربارش کا پانی سڑک پر جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا ہے، گرومندر کے مختلف راستوں پرپانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔
گذشتہ روز سے جاری بارش کے باعث کےالیکٹرک کے متعددفیڈر ٹرپ کرگئے ہیں جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے جبکہ کئی علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں، کورنگی بلال کالونی کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے، فوری طور پر جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔