اسلام آباد : گورنر بلوچستان کے کالے شیشے والی گاڑی میں سپریم کورٹ آمد پران کے اسکواڈ کا چالان کردیا گیا، یہ چالان جسٹس فائزعیسیٰ کی نشاندہی پر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نئے چیف جسٹس جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی تقریب حلف برداری کے بعد ایوان صدرِ سے پیدل سپریم کورٹ آرہے تھے۔
ججز گیٹ کے قریب کالے شیشوں والی گاڑی کھڑی دیکھ کر جسٹس قاضی فائزعیسی نے اپنی سکیورٹی کے لیے مامور عملے کو نشاندہی کی۔
ابتدائی طورپر معلوم ہوا کہ یہ گاڑی گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کے اسکواڈ کی تھی، بعد ازاں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گورنر بلوچستان کے اسکواڈ میں شامل پولیس کی گاڑی کا600 روپے کا چالان کروادیا۔
ٹریفک پولیس نے گورنر بلوچستان کے اسکواڈ کی گاڑی پر لگے کالے شیشے بھی اتاردیے، یاد رہے کہ جسٹس فائزعیسیٰ نے گزشتہ روز فٹ پاتھ سے صحت کارڈز کے بورڈ بھی ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ 7 جولائی 2021کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کی جگہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سید ظہور احمد آغا کو نیا گورنر مقرر کیا تھا۔