صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں نامعلوم ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے کار کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے تعاقب کے بعد مقتولین کو نشانہ بنایا اور واردات سرانجام دینے کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی بھاری نفری کو جائے حادثے پر روانہ کیا اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا، فوری طور پر مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی، فرار ملزمان کی تلاش کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب کا نوٹس
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کالا شاہ کاکو کے قریب کار پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئےانسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے، حمزہ شہباز نے کہا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی
ادھر آئی جی پنجاب نے کالا شاہ کاکو میں کار پر فائرنگ سے چار افراد کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی پنجاب کی سینئر پولیس افسران کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔