Todays News

ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب زدگان کے لیے بستیاں تعمیر کرنے کا فیصلہ


لاہور: صوبہ پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب زدگان کے لیے بستیاں تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب زدگان کے لیے بستیاں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سرکاری رقبوں کی نشاندہی کے لیے انتظامیہ کو ذمے داریاں تفویض کردی گئیں۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اور عطیہ کیے گئے رقبے پر ماڈل ویلج قائم کریں گے، دونوں اضلاع کے لیے ساڑھے 4 ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب کے شہروں راجن پور، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، مظفر گڑھ، سیالکوٹ اور لیہ میں طوفانی بارشوں کے باعث شدید نقصان ہوا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 6 اضلاع کی 51 یونین کاؤنسلز اور 309 موضع جات سیلاب سے متاثر ہوئے۔

بارشوں سے اب تک 49 افراد جاں اور 606 زخمی ہوئے، 3 لاکھ 14 ہزار 77 افراد کی آبادی متاثر ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 12 ہزار 628 گھر معمولی متاثر جبکہ 17 ہزار 277 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ 37 سڑکیں، 8 پل اور 7 نہریں سیلابی لہروں سے تباہ ہو گئیں۔

Exit mobile version