ڈسکہ ضمنی الیکشن، عوام اور ان کا ووٹ جیت گیا، سلیکٹڈ مافیا ہار گیا، حمزہ شہباز
Abdul Rehman
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں عوام اور ان کا ووٹ جیت گیا، ووٹ چور سلیکٹڈ مافیا ہار گیا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈسکہ کے زندہ باد عوام نے ووٹ چوری، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوروں سے بدلہ لیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈسکہ کی دلیر عوام نے نواز شریف اور شہبازشریف کی عوامی خدمت اور حب الوطنی پر مہر لگائی۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ پاکستان میں ووٹ چوروں، پریذائیڈنگ افسران کے اغواکاروں کی کوئی جگہ نہیں، عوام نے فیصلہ سنادیا کہ سلیکٹڈ نیازی گھر جاؤ۔
قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ معیشت، روزگار، اسٹیٹ بینک کو کھا جانے والے کو قوم نے مسترد کر دیا ، ڈسکہ کے عوام کی لائی تبدیلی پورے پاکستان میں تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔