چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کون جیتے گا؟ شیخ رشید نے بڑی پیشگوئی کردی

0


اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہا ہوں، صادق سنجرانی بلوچستان اور مرزا آفریدی پختون بیلٹ کی وجہ سے زیادہ ووٹ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا سب کی رائے یہی ہے کہ کیمرے پہلے سے لگے ہوئے ہیں کسی نے لگائے نہیں، جب عمران خان چیخ رہا تھا کہ اوپن بیلٹ الیکشن ہونے چاہئیں، ان دونوں پارٹیوں نے سی اوڈی پر دستخط کررکھے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں 50 سال سے دیکھ رہا ہوں ہارنے والا تسلیم نہیں کررہا، یہاں تک کہ ٹرمپ اور پیوٹن بھی اپنی ہار تسلیم نہیں کررہے،ہار تسلیم نہ کرنے سے تو ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوتی ہے، میں سمجھتا ہوں الیکشن سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 80ہزار ووٹ سے جیتیں توپھر بھی اگلابندہ پٹیشن پر جاتاہے، صرف پرویزرشید سے کالج میں جیتا تو اس نے مجھے آکرمبارکباددی، بکنے اوربکنےوالوں کی معاشرے میں کمی نہیں،اوپن بیلٹ الیکشن ہوناچاہیے، جمالی صاحب ایک ووٹ سے جیتے تھے وہ ایک ووٹ سے وزیراعظم بنے تھے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی بلوچستان کی آواز ہیں، مرزا آفریدی بھی پختون بیلٹ میں ایک آدھ ووٹ لینے میں کامیاب ہوجائیں گے، بلوچستان اور قبائلی امیدوار کی وجہ سے صورتحال مختلف ہے ، میں صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

شیخ رشید نے مزید کہا ان کو بھی اپنی پارٹی کے ایک دو ووٹ نہیں ملیں گے ، کچھ آزاد اور ایک دو ن لیگی بھی سنجرانی کو ووٹ دیں گے، صادق سنجرانی بلوچستان اور مرزاآفریدی پختون بیلٹ کی وجہ سے زیادہ ووٹ لیں گے، مجھے یہ نہیں پتہ کتنے ووٹ پڑیں گے مگر معلوم ہے وہ جیت رہے ہیں۔

سیاسی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی جیتے یا ہارے ،الیکشن سسٹم ہار گیا ہے، پاکستان کی سیاست میں دو تین ماہ کھینچاؤ آئے گااور کافی سیاسی گہما گہمی رہے گی لیکن عمران خان انشااللہ تمام بحران سے ملک کو نکالیں گے۔

حفیظ شیخ کی ناکامی سے متعلق انھوں نے کہا کہ حفیظ شیخ کیخلاف ساری خریدوفروخت آصف زرداری نے کی ، ن لیگ نے ٹکٹ بیچنے کی بات فضول میں کی، آصف زرداری نے ہی تاش لگاکربانٹے پھینٹے اور کھیلے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here