Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the eventin domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/todaysne/domains/todaysnews.pk/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
Todays News

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا شہادتوں سے متعلق کے پی میں اہم اعلان


پشاور: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اب رویت ہلال کے سلسلے میں خیبر پختون خوا کی شہادتیں بھی لی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے پشاور دورے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، انھوں نے چاند دیکھنے کے تنازع کے حوالے سے مشہور مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزائی سے بھی ملاقات کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا میں خود مسجد قاسم علی خان گیا اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے مفتی صاحب سے ملاقات کی۔

مولانا عبدالخبیر نے کہا پشاور کی مہمان نوازی کا بہت مشکور ہوں، خیبر پختون خوا اس ملک کا ایک عظیم حصہ ہے، یہاں مقررین نے کہا کہ اس صوبے کی شہادتیں نہیں لی جاتیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ اب ایسا نہیں ہوگا، ہم قوم کو ایک کریں گے۔

انھوں نے کہا صرف رمضان اور عید ہی نہیں مذہبی ہم آہنگی پیدا کریں گے، مسجد قاسم میں مفتی صاحب کے ساتھ گفتگو ہوئی، انشاءاللہ پھر بھی آئیں گے، موسمیات سے بھی رابطہ کریں گے اور ان کی بھی رائے لیں گے اور متفقہ رائے سے فیصلہ کریں گے۔

چیئرمین رویت ہلال کیٹی کا کہنا تھا کہ چاند کے سلسلے میں سندھ، پنجاب، کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر سے شہادتیں لیں گے، خیبر پختون خوا سے شہادت آئیں گی تو ضرور قبول کریں گے، ہم سب کو اس ملک میں وحدت پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، ہم ملک میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔

دریں اثنا، پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا، انھوں نے کہا عید ہمارا مذہبی تہوار ہے لیکن بد قسمتی سے ہماری عید ایک دن نہیں ہوتی، نئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی سے امید ہے وہ یہ مسئلہ حل کریں گے، مولانا صاحب نے مسجد قاسم علی خان کا دورہ کیا، اس سے اچھا تاثر ملا ہے، مفتی شہاب پوپلزئی کو بھی چاند کے مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

Exit mobile version