چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق
Abdul Rehman
چاغی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے جہاں تباہی مچائی ہوئی ہے، وہاں دالبندین میں طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے بھی گر گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دالبندین اور یک مچ کے درمیان جمعرات کو طوفانی ہوا چلنے سے بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، بجلی بحالی کے دوران واپڈا اہل کار جاں بحق ہو گیا۔
دالبندین میں کیسکو کے لائن مین زاہد بجلی بحالی کا کام کرنے کے دوران کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے، جنھیں تشویش ناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔
کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے صوبے میں 140 بجلی کے کھمبے گر چکے ہیں۔
واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبے جمعرات کو طوفانی ہوا اور بارشوں کے باعث گرے، گرے ہوئے کھمبے خراب ہو چکے ہیں لگائے نہیں جا سکتے، نئے کھمبے آتے ہی کام شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ یک مچ شہر کو گزشتہ 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، دوسری جانب بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی داستان رقم کر دی ہے اور سب کچھ اجڑ گیا ہے۔
سیلاب کی وجہ سے متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 127 ہوگئی ہے، 10 سے زائد اضلاع میں نظام زندگی معطل ہے، کوئٹہ، جھل مگسی، مستونگ اور چمن میں تباہی کے دردناک مناظر دیکھے جا رہے ہیں، اور درجنوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں، توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں، سیلابی ریلا مال مویشی، کھڑی فصلیں، اور سیب کے باغات بہا کر لے گیا ہے۔