Todays News

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ:عمران خان کی 10 مقدمات میں ضمانت منظور


اسلام آباد : سیشن عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی 10 مقدمات میں 6 جولائی تک ضمانتیں منظور کرلیں ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے مقدمات کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے درخواست دائر کردی ، عمران خان نے 10 مقدمات میں ضمانت کیلئےعدالت سے رجوع کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پیش ہوئے ، عمران خان کی اسلام آباد کچہری آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کےسخت اقدامات کئے گئے تھے۔

سیشن جج کامران بشارت مفتی نے عمران خان کی درخواست ضمانت پرسماعت کی اور عمران خان کی 10مقدمات میں 6 جولائی تک درخواست ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو ریکارڈ سمیت آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں پشاور ہائی کورٹ نے لانگ مارچ کے معاملے اسلام آباد کے تھانوں میں درج مقدمات پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کی تھی۔

خیال رہے عمران خان پر 25 مئی کےلانگ مارچ پراسلام آباد کے تھانوں میں مقدمات درج ہیں ، مقدمات میں عمران خان کے علاوہ اسد عمر،شیریں مزاری، زرتاج گل ، خرم نواز، شاہ محمودقریشی ،علی امین گنڈا پور کا نام بھی نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمات میں راستوں کی بندش، کارسررکار مداخلت ،پولیس اہلکاروں پرحملہ ،املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

Exit mobile version