پی ایس ایل کے لائیو اسٹریمنگ حقوق کیلئے دراز نے ریکارڈ بولی لگا دی

0


پاکستان میں آن لائن کاروبار اور ڈیجیٹل دنیا کے بڑے نام دراز نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 2022 اور 2023 کے سیزن کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے لیے سب سے زیادہ بولی لگا دی۔

دراز نے لیگ کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی خریداری کے لیے گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 175 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی ہے۔

پی سی بی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی بولی میں اضافے سے لیگ کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں لائیو اسٹریمنگ کھیلوں کی ترقی اور فروغ میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ لیگ کے آئندہ دو ایڈیشنز ایکشن سے بھرپور ہوں گے جس سے شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد محظوظ ہوگی۔

دراز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمار حسن نے کہا کہ دراز پاکستان کا نمبر ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بننا چاہتا ہے اور پاکستان سپر لیگ کے لیے لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے حصول کے لیے سب سے بڑی پیشکش کرنے پر ہمیں فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹریمنگ کے یہ حقوق مل گئے تو پورا پاکستان دراز ایپلی کیشن پر ان میچز کو مفت اسٹریم کرنے کے ساتھ ساتھ 2کروڑ سے زائد مصنوعات پر شاندار قیمتوں سے لطف اندوز بھی ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی اے آر وائی اور پی ٹی وی کی کنسورشیم بھی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد قیمت کی بولی لگا۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here