لاہور : پنجاب کابینہ میں ایک اور رکن کا اضافہ ہوگیا، حامد یار ہراج نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھالیا، گورنر پنجاب نے حامد یار ہراج سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں توسیع کردی گئی، حامد یار ہراج کی تقریب حلف برداری ہوئی ، تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی شرکت کی جبکہ وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر بلدیات میاں محمود الرشید، صوبائی آبپاشی سردار محسن لغاری بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں حامد یار ہراج نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا، گورنر پبجاب چوہدری محمد سرور نے حامد یار ہراج سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔
مسلم لیگ (ضیاالحق ) کے سربراہ اعجاز الحق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم، چئیرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف، اور دیگر اراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
گورنر پبجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب نے حامد یار ہراج کو صوبائی وزیر بننے پر مبارکباد دی، حامد یار ہراج کو محکمہ خوراک کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔
خیال رہے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کابینہ میں توسیع کی منظوری دی تھی۔